المیادین نیوز چینل نے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ لبنان کے مجاہدوں نے ہفتے کی صبح رامات ڈیوڈ صیہونی ایئربیس کو خودکش ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا اور مقررہ اہداف کو تباہ کیا۔
حزب اللہ کا یہ حملہ "خیبر" کارروائی کے تحت انجام دیا گیا۔
اس کے علاوہ تل ابیب کے مضافات میں واقع صیہونی فوج کے 8200 جاسوسی یونٹ کے مرکز پر بھی ڈرون سے حملہ کیا گیا۔ یہ مرکز گلیلوت فوجی اڈے میں واقع تھا۔
الجلیل مقبوضہ علاقے میں واقع صیہونی کالونی بار یوحائی اور شمالی مقبوضہ علاقوں میں واقع المالکیہ اور صفد شہر پر بھی بھاری گولہ باری کی گئی۔
تل ابیب کے جنوب میں واقع بلماخیم ایئربیس بھی حزب اللہ کے حملوں سے محروم نہ رہا جہاں متعدد میزائل ٹکرائے اور بھاری نقصانات ہوئے۔
حیفا کے شمال میں زوفولون فوجی صنعتی اڈے اور اسی طرح مارون الراس میں صیہونی فوجیوں کے ایک گروہ کو بھی میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
ادھر صیہونی ذرائع ابلاغ نے حیفا کی صورتحال کو ابتر اور اسے حزب اللہ کے مسلسل میزائلی حملوں کے پیش نظر، میزائلوں کا شہر نام دیا ہے۔
حزب اللہ کے ایک اور باضابطہ بیان میں آیا ہے کہ حیفا کے شمال مشرق میں واقع غاصب فوج کے لاجسٹک اڈے "مسگاف" پر بھی بھاری راکٹ باری کی گئی۔
حیفا کے ایلٹا فوجی صنعتی کمپنی کی فیکٹری پر بھی حزب اللہ کے جوانوں نے میزائل داغے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ لبنان کے شہروں پر غاصب صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں کے بعد، کوئی بھی مقبوضہ علاقہ جوابی کارروائی سے محفوظ نہیں رہے گا۔
آپ کا تبصرہ